ویب ڈیسک: صوبائی محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم اور یونیورسٹی آف کیمبرج میں معاہدہ طے پا گیا، جس کے تحت اساتذہ کی تربیت، اسسمنٹ اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن کو فروغ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ ابتدائی وثانوی تعلیم اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے درمیان اساتذہ کی تربیت، اسسمنٹ اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئَے ہیں۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی آف کیمبرج کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد صوبے میں اساتذہ کی تربیت، طلباء کی اسسمنٹ، اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
اس مفاہمتی یادداشت پر صوبائی وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے دستخط کئے، جو اس وقت ورلڈ ایجوکیشن فورم 2025 میں شرکت کے لیے لندن میں موجود ہیں۔ ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب یونیورسٹی آف کیمبرج میں منعقد ہوئی، جس میں روڈ سمتھ یونیورسٹی آف کیمبرج کے سی سی او ، سیکریٹری تعلیم مسعود احمد اور ایجوکیشن ایڈوائزر میاں سعد الدین نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف کیمبرج خیبر پختونخوا میں اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید اسسمنٹ طریقہ کار، اور ارلی چائلڈہڈ ایجوکیشن پروگرامز کے نفاذ کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ ہم اپنے اساتذہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت دینے اور طلبہ کی کارکردگی کا بین الاقوامی معیار کے مطابق جائزہ لینے کے لیے پرعزم ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی کے ساتھ ہمارا یہ اشتراک خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں جدت اور بہتری کا باعث بنے گا۔
