ویب ڈیسک: اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، اولے بھی گرے، آب پارہ میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔
راولپنڈی کے نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
لاہور میں آندھی اور طوفان کے بعد بارش ہوئی جس کے باعث پورے شہر کی بجلی بند ہوگئی، کئی درخت جڑوں سے اکھڑگئے، قذافی اسٹیڈیم کے کئی بوتھ اڑگئے، سرچ لائٹس کے پول گرگئے جس کی وجہ سے لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پریکٹس منسوخ کردی گئی۔
چکوال میں طوفانی بارش کے باعث کلر کہار کے قریب موٹر وے ایم ٹو کو کئی گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑ گیا۔
ملتان، حافظ آباد، گوجرانوالا، اٹک اور سیالکوٹ میں بھی آندھی چلی، جس سے دن میں رات کا منظر ہوگیا، مختلف شہروں میں متعدد مقامات پر سولر پینل اڑگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق صوبے میں آندھی و طوفان میں 14شہری جاں بحق اور 51 زخمی ہوئے۔
