ویب ڈیسک: نوشہرہ سے سے تعلق رکھنے والے خواجہ سرا شہاب عرف وفا کو درگئی میں پروگرام سے واپسی پر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق تارو جبہ سے تعلق رکھنے والے 28سالہ خواجہ سرا وفا(شہاب)کو درگئی ہری چند کے علاقہ بدرگہ میں اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک شادی کی تقریب میں پروگرام ختم کر کے واپس نکل رہے تھے کہ شادی کے گھر کے ساتھ ہی گیٹ پر کلاشنکوف سے مسلح شوکت نامی شخص اور ایک نامعلوم ملزم نے اغوا کرنے کی غرض سے اشارہ کیا ۔
خواجہ سراء نے اپنی گاڑی کو سپیڈ دی تو ان پر متذکرہ افراد نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں28سالہ خواجہ سرا وفا گولیاں سر میں لگنے سے موقع پر جاں بحق جبکہ ان کا ڈرائیور نوید گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔
پولیس نے حسب روایت رپورٹ درج نامزد ملزمان شوکت اور نامعلوم افراد کے خلاف کاروائی شروع کر دی ہے۔
اس سلسلے میں ٹرانس جینڈر لیڈر فرزانہ جان نے کہا ہے کہ انتہائی دکھ کا مقام ہے کہ آج ایک اور خواجہ سرا کو گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا ہے اور یہ سلسلہ چلتا آ رہا ہے کیونکہ کہیں پر ہم سے بھتے وصول ہورہے ہیں تو کہیں گولیوں کا نشانہ بنادیاجاتا ہے ۔
انہوں نے حکومت اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے ۔
خواجہ سرا لیڈر فرزانہ جان نے مزید کہا کہ ہم پہلے بھی خواجہ سرائوں کے لیے آواز اٹھاتے آرہے ہیں اور آئندہ بھی اٹھائیں گے لیکن تحفظ ہمارا حق ہے اور حکومت ہمیں تحفظ فراہم کرے۔
