ویب ڈیسک: یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا، اس سے قبل مالٹا پچھلے سال اپریل میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے حق میں سکیورٹی کونسل میں ووٹ دے چکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ملک مالٹا نے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا، مالٹاکے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے یہ اعلان ایک سیاسی تقریب کے دوران کیا گیا، جس میں انہوں نے مقامی اور عالمی معاملات پر بات کی، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران پر توجہ مرکوز کی۔
اس موقع پر انہوں نے واضح طور پر اگلے ماہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا، اور مزید کہا کہ انسانیت سوز المیے پر آنکھیں بند نہیں کرسکتے، فلسطین کو ریاست تسلیم کرنا اخلاقی ذمہ داری ہے۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین تنازع پر 20 جون کو ہونے والی اقوام متحدہ کانفرنس کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیں گے، یاد رہے کہ مالٹا پچھلے سال اپریل میں فلسطین کو اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت دینے کے حق میں سکیورٹی کونسل میں ووٹ دے چکا ہے، تاہم ابھی تک اس نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
