بھارتی پروپیگنڈے کی شکست

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دینے میں پاکستانی جوانوں اور میڈیا کے کردار کو” فولادی دیوار” قرار دیتے ہوئے ان کی غیر معمولی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر،نشان امتیاز(ملٹری) نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران افواج پاکستان کے عزم و حوصلے ، پاکستانی عوام کی ناقابل تسخیر روح اور سیاسی قیادت کی پختہ وابستگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے افواج پاکستان کی جرات و قربانی کو سراہا اور پاکستانی عوام کی استقامت و حب الوطنی کی تعریف کی، گزشتہ روز ایک عشائیہ سے جو فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے قومی قیادت کے اعزاز میں منعقد کیا گیا تھا، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کے دوران قومی قیادت اور افواج پاکستان کے ما بین شاندار ہم آہنگی کا اظہار بھارت کی شکست کا باعث بنا ،اور بھارتی جھوٹے پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دینے میں پاکستانی نوجوانوں اور میڈیا نے ” فولادی دیوار” بن کر بھارتی جھوٹے بیانیے کے پرخچے اڑا کر رکھ دئیے، ادھر اقوام متحدہ میں پاکستان کی قونصلر سائمہ سلیم نے بھارت کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ وہ ریاستی دہشتگردی بند کر دے، اور بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے ،حالیہ پاک بھارت مختصر ترین جنگ کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی جو بھداڑ رہی ہے اور اسے جو سبکی مل رہی ہے، اس کے شکست کھانے کے باوجود بھارتی حکمران اور حکام جس قسم کی بھڑکیں مار رہے ہیں، اس پر اسے دنیا بھر میں تضحیک کا نشانہ بننا پڑ رہا ہے، مگر بھارتی حکومت کی دھٹائی اور بے شرمی کی یہ کیفیت ہے کہ وہ اپنے عوام کی جانب سے اٹھائے جانیوالے سوالات کا سامنا نہ کرنے کی تاب نہ لاتے ہوئے وہاں دوبارہ پاکستان کو دھمکیاں دیکر اندرون ملک اپنی ساکھ بحال کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہے ،ادھر ایک عالمی سطح کے تھنک ٹینک” پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ” نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر طاقت کا توازن بحال کر دیا ہے، مودی کے غلط اندازے اور جنگ میں پاکستان کی واضح برتری کے بعد جنگ خارج ا زامکان ہے ،تھنک ٹینک سے وابستہ پاکستان کے سابق پارلیمنٹرین اور وفاقی وزیر سید مشاہد حسین کی مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق مئی 2025ء کی شکست 1962ء میں چین سے شکست کے بعد بھارت کی بڑی شکست ہے ،پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ کی اس رپورٹ کے بعد عالمی سطح پر بھارت کی کیا حیثیت باقی رہ گئی ہے اور اس کے باوجود اگر وہ پاکستان کو اب بھی پانی کے مسئلے اور کشمیر کے معاملات پر امریکی صدر ٹرمپ اور اقوام متحدہ کی جانب سے پاکستان کیساتھ اپنے معاملات مذاکراتی عمل کے ذریعے طے کرنے سے انکار کرتے ہوئے ” آنکھیں” دکھا رہا ہے تو اسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تازہ بیان پر ضرور غور کرنا چاہیے، جس میں انہوں نے پاکستانی قوم کے ہر طبقے کے کردار کو سراہتے ہوئے بھارت کو شکست خوردہ قرار دیا ہے، اور یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ بھارت کی ذرا سی لغزش اس کیلئے کتنی نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹریفک مسائل سلجھائیں