ویب ڈیسک: غزہ کے 77 فیصد رقبے پر اسرائیلی فوج نے قبضہ کرلیا، اس سے قبل صیہونیوں کی جانب سے اس قسم کے اقدام کے باقاعدہ اعلانات کئے جا رہے تھے، تاہم اب انہوں نے اپنے اعلانات پر عمل در آمد شروع کر دیا۔
غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اب تک غزہ پٹی کے کل جغرافیائی رقبے کے 77 فیصد حصے پر قبضہ کر چکی ہے۔غزہ میڈیا آفس کے مطابق یہ قبضہ براہ راست زمینی دراندازی، شہری علاقوں میں قابض افواج کی تعیناتی، غیر منصفانہ جبری بے دخلی کی پالیسیوں اور بھاری بمباری کے ذریعے فلسطینی شہریوں کو ان کے گھروں، علاقوں، زمینوں اور املاک تک رسائی سے روک کر حاصل کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی توسیع کو روکنے کیلئے اقدامات کرے۔سرکاری میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل نسل کشی، جارحیت اور غزہ کی پٹی پر وسیع پیمانے پر قبضہ تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے جو طاقت کے ذریعے غزہ پر مکمل مسلط ہونے کے اسرائیلی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
