ویب ڈیسک: پشاور میں آج دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی احتجاج کرنے جا رہی ہیں، ایک ہی روز احتجاج ہونے کی صورت میں پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف میں تصادم کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، کیونکہ دونوں جماعتوں کا احتجاج چند سو میٹر کے فاصلے پر ہوگا۔
دونوں جماعتوں نے آج احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کارکنوں کا آمنا سامنا کسی بڑے تصادم کی شکل اختیار کر سکتا ہے، پیپلز پارٹی نے کئی روز قبل صوبائی حکومت کی مبینہ ناکامیوں اور بدانتظامی کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کیا تھا، احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی قیادت نے ہنگامی اجلاس بھی کئے اور صوبائی اسمبلی کے باہر احتجاج کا فیصلہ کیا جبکہ صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا نے اس حوالے سے خصوصی ویڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے بھی ڈرون حملوں اور وفاقی پالیسیوں کے خلاف آج ہی ہشتنگری کے مقام پر بڑا احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے، جو پیپلز پارٹی کے مقام سے محض چند منٹ کی دوری پر ہے، دونوں احتجاج جی ٹی روڈ پر ہوں گے، سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ کی وجہ سے پشاور کی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اضافی نفری تعینات کی جائیگی جبکہ سیاسی قیادت سے رابطے بھی جاری ہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے،پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف دونوں کی صوبائی قیادت احتجاج میں شریک ہوں گی اور ورکرز کو مکمل تیار رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے۔
