لاہوری اور رامداس میں انڈر پاسز

ٹریفک مسائل کے حل کیلئے لاہوری اور رامداس میں انڈر پاسز کی تعمیر کا فیصلہ

ویب ڈیسک: پشاور میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے لاہوری اور رامداس میں انڈر پاسز کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے اندرون شہر پشاور میں بڑھتے ہو ئے ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے دو اہم مقامات پر انڈر پاسز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لاہوری اور رامداس چوک میں انڈر پاسز کی تعمیر آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرلی گئی ہے، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے گا اور مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ان دونوں مقامات پر روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں اور اکثر گھنٹوں طویل ٹریفک جام معمول بن چکا ہے، چاروں اطراف سے آنے والی ٹریفک کی وجہ سے ان چوراہوں پر روانی میں شدید رکاوٹ آتی ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ہنگامی حالات میں رسپانس کا وقت بھی متاثر ہوتا ہے، حکومت خیبر پختونخوا نے شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے مختلف مقامات پر انڈر پاسز کی تعمیر کا بھی منصوبہ بنایا ہے جن میں یونیورسٹی روڈ پر دو انڈر پاسز شامل ہیں۔
اندرون شہر ٹریفک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں لاہوری اور رامداس چوک کو ترجیح دی گئی ہے ، تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے، ان منصوبوں پر جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا اور اس سلسلے میں فزیبلٹی رپورٹ، ڈیزائن اور دیگر تکنیکی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے حکام کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف اندرون شہر ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کا قیمتی وقت اور ایندھن بھی محفوظ ہوگا۔

مزید پڑھیں:  بجٹ میں کوئی کنفیوثن نہیں، گنڈاپور بانی سے مشاورت کر چکے ہیں، بیرسٹر گوہر