پاکستان سے شراکت داری خطے

پاکستان سے شراکت داری خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بنے گی، چین

ویب ڈیسک: پاک بھارت حالیہ فوجی تصادم کے بعد چین نے واضح پیغام دیتے ہوئے پاکستان کو اپنا آہنی دوست قرار دینے کا اعادہ کیا، اور دو ٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، جبکہ پاکستان سے شراکت داری خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بنے گی۔
موجودہ صورتحال میں پاک چین آہنی دوستی، باہمی دفاعی اشتراک عملی شکل اختیار کر گئی، جے 10 سی طیاروں کی کامیابی سے عالمی طاقتیں حیران ہیں جبکہ بیجنگ کی جانب سے یہ بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ چین سے پنگا نہ لیا جائے۔
چین کی دفاعی ٹیکنالوجی اور پاکستان کے ساتھ فوجی شراکت داری نے اس جھڑپ میں عالمی طاقتوں کو حیران کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں چینی خارجہ پالیسی کے ممتاز ماہر اور سینیٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر وکٹر ژیکائی گاؤ نے اس تصادم کو نہ صرف چین پاکستان تعلقات کی مضبوطی کا ثبوت قرار دیا بلکہ عالمی سطح پر چین کی دفاعی برتری کے اعتراف کے طور پر بھی پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اس بار جو جنگی ساز و سامان استعمال کیا وہ زیادہ تر چین کا تیار کردہ یا پاک چین اشتراک سے بنایا گیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان عملی فوجی تعاون کی گہرائی عیاں ہوتی ہے۔ چینی ساختہ جے 10 سی طیاروں کی کارکردگی نے یورپ اور روس کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کو پیچھے چھوڑ دیا، جو نہ صرف ایک تکنیکی کامیابی ہے بلکہ ایک اسٹریٹجک انتباہ بھی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات صرف نظریاتی یا سفارتی حد تک محدود نہیں، بلکہ یہ اب ایک مضبوط، آپریشنل اتحاد بن چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی چائنا نے واضح کیا کہ پاکستان سے شراکت داری خطے میں امن و استحکام کی ضمانت بنے گی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی شدید مذمت