ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس یوکرین جنگ کے حوالے سے ایک بار پھر روس پر پابندیوں کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پیوٹن یوکرین کا ایک حصہ نہیں، پورا ملک چاہتا ہے، وہ میرا برسوں سے دوست رہا ہے لیکن اس کا دوسرے ملک پر میزائل برسانا مجھے پسند نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ماسکو کے کیف پر اب تک کے سب سے بڑے حملے کے بعد کہا ہے کہ وہ روس کے ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ’خوش نہیں‘ ہیں، اس حملے پر ٹرمپ نے مذمتی بیان میں کہا کہ اسے کیا ہو گیا ہے؟ وہ بہت سے لوگوں کو مار رہا ہے‘ پیوٹن ’بالکل پاگل‘ ہو چکا ہے۔
نیو جرسی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے پیوٹن کے بارے میں کہا کہ میں پیوٹن کو کافی عرصے سے جانتا ہوں، ہمیشہ اچھے تعلقات رہے لیکن اب وہ شہروں پر راکٹ برسا رہا ہے اور لوگوں کو مار رہا ہے اور مجھے یہ بالکل پسند نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ پیوٹن بالکل پاگل ہو چکا ہے، میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ پیوٹن یوکرین کا ایک حصہ نہیں پورا ملک چاہتا ہے اور شاید یہ بات درست ثابت ہو رہی ہے لیکن اگر اس نے ایسا کیا تو یہ روس کے زوال کا باعث بنے گا۔
