ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ضم اضلاع میں قیام امن سنجیدہ مسِئلہ ہے، لیکن وفاق فنڈ کا اجرا نہیں کر رہی، وفاق سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ضم اضلاع کے فنڈز صوبے کو منتقل کرنا ناگزیر ہے، ضم اضلاع میں قیام امن سنجیدہ مسئلہ ہے، وفاق نے غیر قانونی طور پر ضم اضلاع کے فنڈز اپنے پاس روک رکھے ہیں۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ انضمام کے بعد ضم اضلاع کے فنڈز بھی صوبے کا حق ہے، خیبر پختون خوا کو اس فنڈ سے محروم رکھنا آئینی وقانونی خلاف ورزی ہے، وفاق سیاسی بغض وعناد بالائے طاق رکھ کر امن امان جیسے اہم مسئلے پر صوبے کے ساتھ تعاون کرے۔ بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ صوبہ اپنے وسائل کے مطابق ضم اضلاع میں امن امان قائم کرنے کے لئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے، پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں، وفاق صوبے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کرے۔
