ویب ڈیسک: بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی معاونت سے دہشتگرد کارروائیاں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق معرکہ حق ” آپریشن بنیان مرصوص”میں تاریخی شکست کے بعد مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی جس کے نتیجے میں فتنہ الہندوستان بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کی سرپرست اعلیٰ بن گئی۔
بھارتی خفیہ ایجنسیاں پراکسیز کو مالی معاونت فراہم کر تی ہیں، بھارتی سپانسرڈ پراکسیز نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کو تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کرتی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی سپانسرڈ پراکسیز کے کالعدم تنظیموں کے علاج معالجے کے ساتھ ساتھ سرکاری روابط بھی قائم ہیں، بھارتی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی میڈیا بھی دہشتگردوں کی پشت پناہی میں پیش پیش ہے۔
پاکستان میں دہشت گردانہ حملوں کی خبر سب سے پہلے بھارتی میڈیا دیتا ہے، دہشت گردانہ حملے کی خبر بھارتی ذرائع ابلاغ کے اکانٹس سے جاری ہوتی ہے جسے بھارتی میڈیا پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔
بھارتی چینلز کے اینکرز نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کا دفتر دہلی میں ہونا چاہئے، بھارتی حکومت ان کالعدم تنظیموں کو سرکاری سطح پر معاونت فراہم کرے تاکہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اور داخلی خودمختاری کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی چینلز، جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار اور بھارتی فوج نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ، فتنہ الہندوستان کا یہ رویہ نہ صرف علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
