بلاول بھٹو کی مذمت

بلاول بھٹو زرداری کی پشاور میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر حملے کی مذمت

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں پیپلز پارٹی کی ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے پرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں لاقانونیت اور بیروزگاری کے خلاف احتجاج کرنے والے پرامن سیاسی کارکنوں پر آنسوگیس کی شیلنگ قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، خیبرپختونخوا کی کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے، پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبہ بچائو تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، ہم لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈرنے والے نہیں، ہمارے کارکنان خیبرپختونخوا کی کرپٹ حکومت کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے اساتذہ پھر سے سڑکوں پر، اپ گریڈیشن، ریگولرائزیشن کا مطالبہ