ذوالحج کا چاند دیکھنے

ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا

ویب ڈیسک: ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل بروز منگل اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کریں گے،زونل کمیٹی کے اجلاس میں متعلقہ مقامات پر منعقد ہوں گے ،اجلاس میں عیدالاضحی کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا ۔
دوسری جانب رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کا کہنا ہے کہ منگل 27مئی کی شام ہلال کی رویت ممکن نہیں،پاکستان میں یکم ذوالحجہ جمعرات 29مئی جبکہ عیدالاضحی ہفتہ 7جون کو ہونے کا امکان ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ نیا چاند منگل 27مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 2منٹ پر پیدا ہو گا، 29ذوالقعد یعنی منگل 27 مئی کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو رویت ہلال کیلئے 19گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 12 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی۔
چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ جو کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے وہ پاکستان بھر میں 6 ڈگری ہو گا۔
غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان فرق جو کم از کم 40 منٹ ہونا چاہیے وہ اگرچہ کراچی میں 35 منٹ ، جیوانی میں 37 منٹ ، لاہور میں 39 منٹ ، کوئٹہ میں 40 منٹ ، پشاور ، اسلام آباد ، مظفر آباد اور چارسدہ میں 42 منٹ جبکہ گلگت میں 44 منٹ ہو گا ۔
چاند کی عمر کم اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ بھی چونکہ کم ہو گا اس لئے پاکستان کے کسی بھی علاقے میں مطلع انتہائی صاف ہونے کے باوجود منگل 27 مئی 2025 کی شام ہلال کی رویت ننگی آنکھ تو درکنار، ٹیلی سکوپ سے بھی ممکن نہیں ہے۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں افغانستان سے مارٹر گولہ آ گرا، ایک شخص جاں بحق