ایمل ولی نے جرگہ قبول کرلیا

پشاور: چیئرمین پی ٹی اے حفیظ الرحمن کی باچا خان مرکز آمد،ایمل ولی نے جرگہ قبول کرلیا

ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان نے دورہ باچا خان مرکز کیا اس موقع پر ایمل ولی خان نے پختون روایات کے مطابق جرگہ قبول کر لیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان نے پشاور میں باچا خان مرکز کا دورہ کیااور اپنی جانب سے دیئے جانے والے نامناسب بیان پر جرگے کی درخواست کی ۔
عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے پختون روایات کے مطابق ان کا جرگہ قبول کر لیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ جو واقعہ پیش آیا، وہ غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا، واقعے پر اس روز بھی معذرت کی تھی اور آج بھی گلے دور کرنے باچا خان مرکز آیا ہوں۔
حفیظ الرحمان نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان اور ان کے خاندان کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہوں، باچا خان مرکز تمام مظلوموں اور پختونوں کا گھر ہے، یہاں جرگے ہی ہوتے ہیں۔
ایمل ولی نے کہا کہ پشتون روایات کا پاس رکھتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کے جرگے کو قبول کرتا ہوں اور باچا خان مرکز پشاور میں چیئرمین پی ٹی اے اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔

مزید پڑھیں:  پختونخوا حکومت عمران خان سے مشاورت بغیر بجٹ منظور نہیں کریگی، علیمہ خان