ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات

وزیراعظم کی ایران کے سپریم لیڈر سے ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سپریم لیڈر کے لیے انتہائی احترام کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ مسلم دنیا کی ایک نمایاں شخصیت ہیں اور امت مسلمہ رہنمائی اور سرپرستی کے لیے ان کی طرف دیکھتی ہے۔
میاں شہباز شریف نے سپریم لیڈر کو بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعات اور بھارت کے تسلط پسندانہ اور تنگ نظری کے عزائم کے بارے میں بتایا اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت کرنے پر ایران کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ہمیشہ خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو جس سے اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو پاکستان ایران تعلقات کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے دور اندیشی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ذاتی عزم کی تعریف کی۔
سپریم لیڈر نے پاکستان اور اس کے عوام کی مزید خوشحالی اور ترقی کے لیے دعا کی۔

مزید پڑھیں:  26نومبر احتجاج: بشریٰ بی بی پر مقدمات کی سماعت 26 جون تک ملتوی