ویب ڈیسک: ڈھائی لاکھ کا منفرد رنگ و ذائقے کا میازاکی آم کراچی میں بھی پیدا ہونے لگا، اب سے قبل یہ آم صرف جاپان اور دیگر چند ایک یورپی ممالک میں پیدا ہوتا تھا۔
ذرائع کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا آم میازاکی ہے جو تقریباً ڈھائی لاکھ روپے فی کلو میں فروخت ہوتے ہیں، میازاکی آم کی کراچی کے ضلع ملیر میں بھی پیداوار شروع ہوچکی ہے۔ یاد رہے کہ سرخ اور جامنی رنگ اور غیر معمولی مٹھاس کے حامل میازاکی آم کی اس سے قبل جاپان سمیت دیگر ممالک میں پیداوار ہوتی تھی۔
بین الاقوامی منڈیوں میں میازاکی آم کی قیمت 800 ڈالرز سے 900 ڈالرز فی کلو گرام ہے، جو پاکستانی روپے میں تقریباً 250,000 سے 300,000 روپے بنتے ہیں۔ میازاکی آم کو اس کے گہرے جامنی رنگ، بغیر ریشے کے گودے اور بھرپور، خوشبودار ذائقے سے پہچانا جاتا ہے۔
ایک سال قبل ملیر کے علاقے میمن گوٹھ کے رہائشی کسان غلام ہاشم نورانی نے میازاکی آم کی پیداوار کی، انہوں نے اس کا جاپان سے پودا درآمد کیا اور اب دوسرا سال ہے کہ وہ اس سے پھل حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پودے کی کراچی کی آب و ہوا میں دیکھ بھال کی تو پودا پروان چڑھنے لگا اور پھر اس سے پھل کی پیدوار بھی ہوئی۔
