ویب ڈیسک: ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان پہنچ گئے۔ وزیراعظم صدر آذربائیجان کی دعوت پر لاچین کے ہوائی اڈے پہنچے ، جہاں آذربائیجان کے وزیرخارجہ اور پاکستانی سفیر قاسم محی الدین نے استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان پہنچ گئے ہیں،آذربائیجان کے شہر لاچین کے ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ اور پاکستانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہمراہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کےلیے لاچین شہر پہنچے ہیں، جبکہ شہباز شریف دوست ممالک کے دورے کے اگلے مرحلے میں دورہ آذر بائیجان کے بعد تاجکستان جائیں گے، دورہ کے دوران وزیراعظم آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات بھی کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ مکمل کیا، اس دوران وزیراعظم کی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں پاکستان ایران تعلقات بالخصوص تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ پر گفتگو ہوئی جبکہ بھارت کی پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کی کوششوں کو سراہا گیا.
اس کے علاوہ ملاقاتوں میں اسٹریٹیجک تعلقات کی مضبوطی اور غزہ میں جاری صیہونی مظالم کی فوری روک تھام پر گفتگو کی گئی۔ یاد رہے کہ ایران کا دورہ مکمل کرنے کے بعد شہباز شریف آذربائیجان پہنچ گئے۔ وزیراعظم صدر آذربائیجان کی دعوت پر لاچین کے ہوائی اڈے پہنچے ، جہاں آذربائیجان کے وزیرخارجہ اور پاکستانی سفیر قاسم محی الدین نے استقبال کیا۔
