ویب ڈیسک: نیت پختہ اور دل سچا ہو تو منزل مل ہی جاتی ہے، یہی کچھ ہوا لیبیا کے عامر المہدی کے ساتھ، ہوا کچھ یوں کہ لیبیا کے عامر المہدی کو حج پر نہ لے جانے والا جہاز دو بار واپس پلٹا، یہ وہ خوش نصیب انسان تھا کہ دو بار رہ جانے کے بعد جہاز کو قدرتی طور پر ایئرپورٹ واپس لینڈ کرنا پڑا۔
لیبیا کے عوام نے اس انوکھے اور دل کو چھو لینے والے واقعے پر بھرپور ردعمل دیا ہے، جو حاجی عامر المہدی کے ساتھ پیش آیا، یہ وہ خوش نصیب شخص ہے جس کی نیت اتنی پختہ اور دل اتنا سچا تھا کہ خالقِ کائنات نے بھی اسے حج کی سعادت بخشنے کے لیے طیارہ بھی 2 بار پلٹا دیا۔
فلائٹ کے وقت حجاز جانے والے مسافروں کے نام پکارے گئے۔ مگر اسے اندر جانے نہیں دیا گیا۔ پھر طیارہ اپنے مقررہ وقت پر اڑان بھر کر روانہ ہو گیا، لیکن المہدی نہ مایوس ہوا، نہ ایئر پورٹ کی روانگی ہال سے نکلا۔ وہ پوری استقامت اور یقین سے کہتا رہا، میں نے نیت باندھ لی ہے، میں حج کے لیے جا رہا ہوں، اور میں جاؤں گا، ادھر قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا، طیارہ آسمان میں پہنچ کر اچانک فنی خرابی کا شکار ہو گیا اور واپس ایئر پورٹ لینڈ کر گیا۔
یہ موقع المہدی کے لیے ایک نئی امید کی کرن بن سکتا تھا، مگر جب طیارہ واپس آیا اور المہدی کو سوار ہونے کی اجازت طلب کی گئی، تو پائلٹ نے سیڑھی کھولنے سے انکار کر دیا۔
طیارے کی فنی خرابی دور کر دی گئی اور ایک بار پھر المہدی کو پیچھے چھوڑ کر طیارہ اڑان بھر کر فضا میں بلند ہو گیا، مگر عامر اسی جگہ رکا رہا، حیرت انگیز طور پر جہاز پھر لوٹ آیا۔
اب کی بار پائلٹ نے اعلان کیا جب تک عامر المہدی سوار نہیں ہوگا، میں جہاز نہیں اڑاؤں گا، چنانچہ ایسا ہی ہوا، وہ لمحہ جب المہدی بالآخر طیارے پر سوار ہوا، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، اس وقت مہدی کی خوشی دیدنی تھی۔
