معاشی بحالی میں ہر شعبے

معاشی بحالی میں ہر شعبے کو کردار ادا کرنا ہوگا،وفاقی وزیر خزانہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ صرف تنخواہ دار طبقے پر بوجھ نہیں ڈال سکتے ،پاکستان کی معاشی بحالی میں ہر شعبے کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج اسٹیل پروڈیوسرکے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کے پیداواری شعبوں کی حمایت کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں وفد نے اسٹیل انڈسٹری کو درپیش توانائی کی بلند لاگت، ریگولیٹری تضادات، اور دیرپا سرمایہ کاری کے لیے مستحکم پالیسی ماحول جیسے اہم مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے رسمی کاروباری اداروں پر ٹیکس پالیسیوں کے اثرات کا بھی ذکر کیا اور حکومت سے مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے حمایت کی درخواست کی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے اسٹیل سیکٹر ملک میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور یقین دلایا کہ ان کے نکات کو بجٹ سے متعلقہ اجلاسوں اور پالیسی مشاورت میں شامل کیا جائے گا۔
بات چیت کے دوران سینیٹر محمد اورنگزیب نے زور دیا کہ پاکستان کی معاشی بحالی اجتماعی ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ہم یہ بوجھ صرف رسمی شعبے اور تنخواہ دار طبقے پر نہیں ڈال سکتے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ حکومت ایک جامع حکمتِ عملی کے تحت ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، زیادہ ٹیکس شدہ طبقات پر انحصار کم کرنے، اور غیر دستاویزی معیشت کو رسمی دائرے میں لانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم خود باقاعدگی سے اجلاسوں کی قیادت کر رہے ہیں تاکہ معاشی نظم و نسق کو مضبوط بنایا جا سکے اور تمام شعبوں میں مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیرِ خزانہ نے پی اے ایل ایس پی کی تعمیری شرکت کو سراہا اور حکومت و صنعت کے مابین مسلسل رابطے اور عملی اصلاحات کی مطابقت کو فروغ دینے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں:  امریکی حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، چین/ روس