ویب ڈیسک: پاکستان میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا ،ملک بھر میں عید الاضحی ہفتہ 7جون کو ہوگی ۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ کمیٹی کو ملک بھر سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد یکم ذی الحج 29 مئی کو ہوگی اور عید الاضحی 7 جون کو ہوگی۔
قبل ازیں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کی زیرصدارت مرکزی اجلاس کوہسار بلڈنگ میں ہوا۔
اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ سپارکو، موسمیات اور دیگر محکموں کے ممبران معاونت کیلئے موجود تھے۔
پشاور میں مطلع آبر آلود ہونے کی وجہ سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جبکہ لاہور کی زونل کمیٹی نے بھی مقررہ وقت مکمل ہوتے ہی اجلاس ختم کر کے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کیا۔
مرکزی اجلاس کے علاوہ کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے ، کہیں سے بھی چاند کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں ۔
اجلاس کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے ماہ ذی الحج کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا گیا ہے کہ یکم ذی الحج 28 مئی بروز بدھ کو ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ اس حساب سے پاکستان میں عید الاضحی 7 جون بروز ہفتے کو ہوگی۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات اور سپارکو کا کہنا تھا کہ آج شام چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو فلکیاتی اصولوں کے مطابق رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے۔ اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
