ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ، مختلف حادثات کے دوران بچوں سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ، جس سے نوشہرہ کی تحصیل جہانگیرہ میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ بدرشی میں دیوار گرنے سے نوجوان زخمی ہو گیا ، جاں بحق ہونے والے راہگیر نوجوان کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی جبکہ 29سالہ انیس شدید زخمی ہو گیا ۔
اسی طرح صوابی کے گائوں مانکی محلہ شہید میں چار دیواری اور چھت گرنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 2سالہ بچہ جاں بحق جبکہ والدہ اور ایک بچی زخمی ہوگئیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثناء ہری پور کی تینوں تحصیلوں میں بھی تیزآندھی اور بارش نے تباہی مچادی ، غازی کے علاقہ علاقے الدو میں مکان کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت شوال کے نام سے ہوئی ، جاں بحق ہونے والے بچے کی نعش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
اسی طرح ٹی آئی پی روڈ پر تیز رفتار وین تیز آندھی کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور زخمی ہو گیا ۔
