ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی اور بھارت سے جنگ میں حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔
لاچین میں ہونے والی ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیر اعظم کے ہمراہ تھے،وزیر اعظم نے یوم آزادی پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد دی ۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔
وزیر اعظم نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔ بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی،ثقافتی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے سرمایہ کاری کے ذریعے اسٹریٹیجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آذربائیجان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا اور طے پایاکہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھاکہ لاچین میں اجلاس کا انعقاد آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کا عکاس ہے، یہ دونوں ممالک کیلئے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماں نے علاقائی استحکام،خوشحالی کیلئے مربوط کوششوں اور بین الاقوامی امور پر اصولی موقف کے فروغ کیلئے بھی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آذربائیجان کا دو طرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے، دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد آگے بڑھانے کیلیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
