ویب ڈیسک: یوم تکبیر کے حوالے سے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے، آج کے دن اپنی جوہری صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول قوت کے ذریعے امن قائم رکھنے کا دانشمندانہ فیصلہ تھا، پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امن کی ضامن ہے، پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے خصوصی پیغام میں کہا کہ یوم تکبیر قوم کے اتحاد اور اپنی آزادی و خودمختاری پر سمجھوتہ نہ کرنے کے اعلان کا دن ہے، آج کے دن عہد کرتے ہیں پاکستان کو ایک معاشی قوت بنا کر دنیا میں حقیقی مقام دلائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے، پاکستان اس مرتبہ یوم تکبیر ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے۔
یوم تکبیر کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللّٰہ کے فضل و کرم سے 6 تا10 مئی کے معرکہ حق میں فتح یاب ہوا، بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں سرخرو ہو کر نکلے ہیں،فتح مبین سے سرشار قوم کیلئے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزیداضافہ ہوگیا، رب کے حضور سجدہ شکر، جس نے ہمیں اپنے خصوصی کرم سے ہمیشہ سربلند رکھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مئی 1998 میں بھارت نے ایٹمی دھماکے کرکے ہماری سلامتی، دفاع اور خودمختاری کو چیلنج کیا تھا، نواز شریف نے6 دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔
