ویب ڈیسک: یوم تکبیر کے خصوصی موقع پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم تکبیر اس موقع کی یاد دلاتا ہے، جب پاکستان ایک جوہری طاقت کے طور پر ابھرا، یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور پرامن وجود کیلئے جستجو کی مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سٹریٹجک صلاحیت ایک قومی امانت ہے، جو عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتی ہے، یہ دن خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے ثابت قدم عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات کیخلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، اور ہماری جوہری صلاحیت صرف دفاعی مقاصد کیلئے ہے اور یہ امن کی ضامن ہے۔
