خیبرپختونخوا بھر میں یوم تکبیر ملی

خیبرپختونخوا بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، تقریبات کا انعقاد

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس دن کے حوالے سے صوبہ کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ صوابی، چارسدہ، سوات، ہنگو، ایبٹ آباد، مردان، رستم، نوشہرہ اور دیگر اضلاع میِں ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔
ضلع صوابی میں اسسٹنٹ کمشنر ٹوپی کی سربراہی میں لائبریری سے مین بازار تک یوم تکبیر کی شاندار ریلی نکالی گئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، افسران و ملازمین ۔اتمان لویہ جرگہ ۔انجمن تاجران اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
شرکاء نے کہا کہ 27 سال قبل 28 مئی کو ناقابل تسخیر پاکستان کی بنیاد رکھی گئی اور جس کا واضح ثبوت 10 مئی کو پاک فوج نے اپنے سے کئی گنا بڑے ملک بھارت کو چند گھنٹوں کے اندر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرتے ہوئے دے دیا۔
ریلی شرکاء نے قومی پرچم اٹھائے ہوئے تھے، پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد جیسے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ضلع مردان میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ تحصیل رستم کے زیر اہتمام یوم تکبیر کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پارٹی عہدیدار، کارکنان، تنظیم تاجران کے علاوہ علاقہ عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
صوبائی صدر پروفیسر عارف اللہ نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے ایک اٹیمی طاقت بن گیا، ساری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک اعزاز ہے کیونکہ یہ ساری دنیا کے مسلمانوں کا اٹیم بم ہے۔
مقررین نے بتایا کہ اسلام اور کفر کے جنگوں کا سلسلہ پرانا ہے لیکن ہر جنگ میں اسلام کو فتح ملی ہے ، افواج پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے، ایٹمی اعتبار سے پاکستان کے ساتھ ایک بہترین اور نایاب ایٹم بم موجود ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں وہ صلاحیت ہے جو اعلی تعلیم کے ذریعے اپنی ملک کی دفاع کے لئے ہمہ وقت کام کر سکتا ہے۔
دوسری طرف ضلع ہنگو میں یومِ تکبیر نہایت جوش و جذبے سے منایا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر افس میں پرچم کشائی اور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جبکہ ریلی میں پاکستان زندہ باد، افواجِ پاکستان زندہ باد جیسے نعرے لگائے گئے۔
ڈی سی گوہر زمان نے اس حوالے سے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایک دن نہیں، یہ ہمارے قومی غیرت، خودداری اور دفاعی خودمختاری کی یادگار ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے دشمن کو واضح پیغام دیا تھا کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت ہے۔
ضلع چارسدہ میں بھی یوم تکبیر کے حوالے سے مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت صدر آیاز کر رہے تھے، ریلی کے شرکاء نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر اللہ اکبر، پاکستان ،پاک فوج زندہ باد کی نعرہ بازی کی، قوم کے اتحاد، سلامتی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
مقررین نے کہا کہ 28 مئی 1998 پاکستان ایٹمی طاقت بنا، قوم کا سر فخر سے بلند ہوا، یومِ تکبیرقومی سلامتی اور خودمختاری کا دن ہے، یوم تکبیر 28 مئی کی اہمیت کو اجاگر کرکے کو دنیا کو امن کا پیغام دیا جاتا ہے۔
ادھر مالاکنڈ میں بھی یوم تکبیر کے حوالے مختلف مقامات پر ریلیاں اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا، مالاکنڈ، بٹ خیلہ اور آس پاس کے دیگر علاقوں میں بھی یوم تکبیر جوش وجذبے سے منایا گیا، ان تقاریب میں مختلف مکتبہ فکر کے معززین نے شرکتِ کی۔
ضلع مالاکنڈ میں منعقد ہونے والے ان پروگراموں میں آئے مہمانوں نے پاکستان کے سالمیت کیلئے دعا کی، اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس موقع پر ہر طرف نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے سنائی دے رہے تھے۔
ضلع خیبرکی تحصیل لنڈیکوتل کے کمپاؤنڈ میں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام 28 مئی یومِ تکبیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی، ریلی میں تحصیلدار لنڈی کوتل ملک حاجی تیمور آفریدی پولیس ڈی آر سی انچارج اسلام الدین شینواری. اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل کے ریڈر جاوید خان سی این ڈبلیو حکام کی طرف سے ملک میر شینواری ٹی ایم اے کے اہلکاروں دیگر مشران تاجروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ریلی شرکاء نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور کہا کہ پاکستان کے ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس کی قربانی کی بدولت پاکستان ایٹمی قوت بن گیا ہیں۔
دوسری طرف ضلع نوشہرہ میں بھی یوم تکبیر کے مناسبت سے ایک نجی تعلیمی ادارے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قوت سماعت اور گویائی سے محروم بچوں نے اس خصوصی دن کے موقع پر ملک سے محبت کا اظہار کیا۔ بچوں نے خوبصورت ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور آنے والے مہمانوں سے داد وصول کی، قوت سماعت اور گویائی سے محروم طلباء و طالبات نے اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس دن کے حوالے سے ضلع لوئردیر میں بھی ملک کی دیگر حصوں کی طرح 28 مئی یوم تکبیر کے سلسلے میں تقریبات اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا، انجمن تاجران کہ زیر اہتمام ایف سی ہیڈ کوارٹر سے شہید چوک تک مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کے نمائندگان، تاجر برادری اور ایف سی کے جوانوں نے شرکت کی۔
قومی پر چم تھامے ریلی کی شرکاء کا جوش و خروش عروج پر تھا، شرکاء نے یوم تکبیر کے موقع پرایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور اس کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، ریلی میں بڑی تعداد میں موٹر سائیکل سواروں نے شرکت کر کے اسے یادگار بنا دیا۔
شرکاء راستے میں پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے، شرکاء کا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں انڈیا کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اور کہا کہ وطن عزیز کی سرحدات کے دفاع کے لیے قوم اپنی سیکورٹی اداروں کی شانہ بشانہ کھری ہے۔
یوم تکبیر کے حوالے سے ضلع مردان میں خیبرپختونخوا ہاوس میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، اس دوران ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرچم کشائی کی گئی، اور بعدازاں ریلی نکالی گئی، جس میں ضلعی انتظامیہ بشمول سول ڈیفنس ، ریسکیو 1122 ، محکمہ ایجوکیشن ، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے شرکت کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، ملک و قوم دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کیلئے متحد ہیں۔ یاد رہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں یوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، اس دن کے حوالے سے صوبہ کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  وانا: ملک خیال محمد وزیر کو مسلح افراد نے لوٹ لیا، گاڑی،نقدی سےمحروم