ویب ڈیسک: پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری، افغانستان نے مجاہدین کو دیارغیر میں جہاد سے روک دیا، اور اس حوالے سے فتویٰ جاری کر دیا۔
کابل میں ہونے والی پولیس گریجویشن تقریب میں حمزہ ملٹری اکیڈمی کے کمانڈر نے مجاہدین کو بیرون ملک (پاکستان) میں جہاد کو واضح منع قرار دے دیا، اور کہا کہ مجاہدین کو سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی منظوری کے بغیر بیرونی جہاد (پاکستان) میں شرکت کی اجازت نہیں ہے، اگر کوئی شخص امیر کے حکم کے بغیر افغانستان سے باہر جہاد کے لیے جاتا ہے تو وہ گناہ گار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام مجاہدین کو سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ کی جہاد کے متعلق ہدایت پر عمل کرنا ہوگا، یاد رہے کہ سعید اللہ سعید نے یہ بیان پولیس ٹرینیز کی گریجویشن تقریب کے دوران دیا، اس تقریب میں 400 پولیس اہلکار گریجویٹ ہوئے۔
انکا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد تنظیم میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور طالبان کا عالمی جہادی گروپوں سے فاصلہ ظاہر کرنا ہے، یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غیر ملکی حکومتوں کو اس بات پر تشویش ہے کہ افغانستان کی سرزمین انتہاپسند گروپوں کے مرکز کے طور پر استعمال ہورہی ہے۔
