ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف کی صدر آذربائیجان سے ملاقات لاچین میں ہوئی، اس دوران جہاں ایک طرف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا وہیں بھارت کیخلاف جنگ میں ساتھ دینے پر شکریہ بھِی ادا کیا گیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے آذربائیجان کے شہر لاچین میں دوطرفہ ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی صدر آذربائیجان سے ملاقات دونوں رہنماؤں اور ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے، وزیر اعظم نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آذربائیجان کے عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے، وزیراعظم نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کا شکریہ ادا کیا اور برادر ملک آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔
شہباز شریف نے آذربائیجان کی پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت پر آذربائیجان کے عوام کا شکریہ ادا کیا، بھارت کے خلاف معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابیوں پر آذر بائیجان میں جشن منایا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدہ مند شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے سٹریٹجک شراکت داری کو متنوع بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
آذربائیجان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشرفت کے حوالے سے وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ لاچین میں اس اجلاس کا انعقاد، آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے جو کہ دونوں ممالک کے لیے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے پاکستان آذربائیجان شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور دوطرفہ اور علاقائی سطح پر مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
