امریکہ میں طلبہ ویزوں کا شیڈول

امریکہ میں طلبہ ویزوں کا شیڈول ایک بار پھر ٹرمپ کے ریڈار پر آ گیا

ویب ڈیسک: امریکہ میں طلبہ ویزوں کا شیڈول ایک بار پھر ٹرمپ کے ریڈار پر آ گیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ فی الحال طلبہ ویزوں کے لیے نئی تقرریوں کا شیڈول نہ بنائیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امریکہ میں ایک بار پھر طلبہ ویزوں کا شیڈول تبدیل ہونے جا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ کے حکم کے مطابق ان ویزوں کے لیے سوشل میڈیا جانچ کے عمل کو وسعت دینے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے سفارتی مشنوں کو بھیجے گئے ایک میمو میں سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ حکم آئندہ ہدایات تک جاری رہے گا۔
میمو میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ اور غیرملکی تبادلہ پروگرام کے ویزوں کے لیے سوشل میڈیا کی جانچ پڑتال کو مزید سخت کیا جائے گا، جس سے دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں پر نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔یہ اقدام ان حالیہ پالیسیوں کا تسلسل ہے جن کے تحت ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطین نواز طلبہ کے ویزے منسوخ کیے، ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات امریکی جامعات میں یہود دشمنی سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں بجلی بحران پر پی ٹی آئی اور اے این پی کے درمیان لفظی جنگ چھڑ گئی