ویب ڈیسک: چین کی کیمیکل فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا ہے، جس میں 5 افراد ہلاک جبکہ متعدد زِخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کے مشرقی صوبے شانڈونگ کے شہر گاؤمی میں واقع ایک کیمیکل فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا ہے، اور اس کے ساتھ ہی خوفناک آتشزدگی نے پورے علاقے کو خوفزدہ کر لیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکہ شانڈونگ یوڈاؤ کیمیکل کمپنی کے ورکشاپ میں ہوا جس کے بعد آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ فیکٹری 46 ہیکٹر پر پھیلی ہوئی ہے جہاں زراعتی ادویات، دواسازی، اور کیمیائی اجزاء تیار کیے جاتے ہیں، جبکہ اس کمپنی میں 300 سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔
آگ کی شدت اور حادثے کی ہولناکی کو دیکھتے ہوئے 55 فائر بریگیڈ گاڑیوں اور 232 اہلکاروں نے امدادی کاموں کا آغاز کیا، اس ریسکیو آپریشن کے دوران 25 افراد کو فیکٹری سے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں کم از کم 5 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس کے مطابق اس واقعہ میں 19 افراد زخمی ہیں جن میں سے 7 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے اور وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں، جبکہ فیکٹری کے 6 ملازمین لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے وہ دھماکے کے وقت وہاں موجود تھے اور شاید ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
