گڈ گورننس روڈ میپ کا اجراء

خیبر پختونخوا حکومت نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوبے میں گورننس کو بہتر بنانے کے لئے روڈ میپ کا اجراء کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے ‘ امر واقعہ یہ ہے کہ عوام اپنے ووٹوں سے اپنے حقوق کی تکمیل اور مسائل سے نجات کے لئے نمائندے چن کر انہیں حق حکمرانی اس لئے دیتے ہیں کہ جو بھی حکومت اکثریت کی بنیاد پر اقتدارمیں آئے وہ عوام کی خدمت کے لئے کمربستہ ہو کر پوری تندہی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اقدام اٹھائے ‘ صوبے میں اگرچہ تحریک انصاف کو اقتدار تیسری بار ملاہے اور اتنی مدت تک برسراقتدار حکومت سے عوام کی توقعات یقینا بڑھ جاتی ہیں تاہم اس سے قطع نظر کہ موجودہ برسراقتدار حکومت موجودہ دور کے علاوہ گزشتہ دو ادوار میں عوام کے لئے کیا خدمات سرانجام دیں ۔ خیبر پختونخواکے عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے شکوہ کناں اس لئے دکھائی دیتے ہیں کہ جب سے یہ جماعت تیسری بار اقتدار میں آئی ہے اس نے مبینہ طور پر عوامی مسائل کے حل پر توجہ کم اور وفاق کے ساتھ معاملات پر مخالفانہ طرز عمل زیادہ اختیار کررکھا ہے اور وفاقی دارالحکومت اور پنجاب پر جلسوں ‘ جلوسوں اور دھرنوں کی سیاست کی تحت صوبائی خزانے کو بعض حلقوں کے بقول ضائع صوبے کے عوام کے فنڈز کا نقصان کیا ہے اس بیانئے سے جہاں کچھ لوگ متفق دکھائی دیتے ہیں وہاں اس صورتحال کے حامیوں کی تعداد بھی کم نہیں تاہم اس بحث سے قطع نظر بالآخر صوبائی حکومت کو اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کا احساس ہونے کے بعد جس طرح بالآخر گڈ گورننس کے حوالے سے روڈ میپ کا اجراء کر دیا گیا ہے اس سے یقینا صوبے کے عوام کو فائدہ ملے گا اور اس فیصلے کے تحت صحت ‘ تعلیم ‘ اربن اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ‘ اکانومی ‘ سوشل پروڈکشن ‘ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور دیگر شعبوں کی کارکردگی بہتر بنانے سے صوبے میں ترقی لانے کاخواب یقینا پورا ہو گا۔

مزید پڑھیں:  عوام دوست نہیں قاتل بجٹ