ویب ڈیسک: بنوں بورڈ کے 2 چیئرپرسنز کی 34 لاکھ الائونس کی غیرقانونی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بنوں سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں بورڈ کے 2 چیئرپرسنز کی 34 لاکھ 6 ہزار 784 روپے الائونس غیر قانونی طو ر پر وصول کرنے کی نشاندہی کردی گئی ہے، تاہم اس رقم کو متعلقہ افراد سے واپس نہیں لیا گیا ہے جس سے بورڈ کے فنڈز کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے 30 دسمبر 2023 کو ایک خط جاری کیا تھا جس میں واضح کیا گیا تھا کہ چیئرمین کے عہدے پر ایگزیکٹو الاؤنس قواعد کے تحت جائز نہیں ہے اور اگر کسی افسر نے یہ الاؤنس وصول کیا ہو تو اسے واپس لیا جائے گا تاہم بنوں تعلیمی بورڈ کے دو چیئرپرسنز شریف گل اور ارشاد علی خلیل نے مالی سال 2022.23 کے دوران یہ الاؤنس وصول کیا ہے۔
یہ رقم 34 لاکھ سے زائد بنتی ہے شریف گل نے 1 جولائی سے 8 نومبر تک 7 لاکھ 30 ہزار 304 روپے ایگزیکٹو الاؤنس وصول کیا جبکہ ارشاد علی خلیل نے 22 جون سے 30 نومبر 2023 تک 26 لاکھ 76 ہزار 480 روپے ایگزیکٹو الاؤنس وصول کیا جس پرآڈٹ نے اس خامی کا سبب بورڈ کے اندرونی اور مالی کنٹرولز کی کمزوری کو قرار دیا ہے۔
ذرائع نے بتایاکہ جون 2024 میں آڈٹ کی جانب سے اس معاملے کی نشاندہی کی گئی تو محکمہ نے جواب دیا کہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی جواب دیا جائے گا لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا جس پر آڈٹ نے غیر قانونی طور پر وصول کی گئی رقم فوری طور پر واپس لینے کی سفارش کی ہے۔
