بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل

بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا قابل مذمت ہے، شہباز شریف

ویب ڈیسک: دوشنبے میں گلیشیئرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا قابل مذمت ہے، جبکہ یہ بھِی واضح ہے کہ پاکستان اپنے حصے کے پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا قابل مذمت ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثر ملک ہے، اور ہمارے ملک کا شمار ان دس ملکوں میں ہوتا ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جبکہ پاکستان کا فضا میں زہریلی گیسوں کا اخراج بھی نصف فیصد سے کم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث 2022 میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، جس سے فصلیں اور انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو گیا، دنیا کو بھی ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے معاملے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
گلیشیئرز کے تحفظ اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے شہباز شریف نے تاجک صدر کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پاکستان کے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں، پاکستان میں 13 ہزار گلیشیئرز ہیں، پاکستان اپنے پانی کا نصف گلیشیئرز سے حاصل کرتا ہے، گلیشیئرز کا تحفظ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

مزید پڑھیں:  ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں،بلاول بھٹو