ملیشیا نے بھارت

ملیشیا نے بھارت، سعودی عرب نے پاکستان و دیگر ممالک پر ویزے بند کر دیئے

ویب ڈیسک: ملیشیا نے بھارت جبکہ سعودی عرب نے پاکستان و دیگر ممالک پر ویزے بند کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ملیشیا نے بھارت سے آنے والی تمام پروازوں پر تاحکمِ ثانی پابندی عائد کر دی، اس فیصلے سے وندے بھارت مشن کی پروازیں بھی متاثر ہو گئی ہیں، جن کے ذریعے بھارت اور ملیشیا کے درمیان شہریوں کی واپسی کا سلسلہ جاری تھا۔
بھارتی سفارت خانے نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملیشیا نے بھارت کے ساتھ فضائی رابطہ عارضی طور پر معطل کر دیا، جبکہ یہ پابندی اگلے حکم تک جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ ملیشیا سے قبل برطانیہ، نیوزی لینڈ، ہانگ کانگ، ایران جیسے ممالک بھی بھارت سے مسافروں کے داخلے پر پابندی لگا چکے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب نے 14 ممالک کے شہریوں کے لیے "بلاک ورک ویزہ کوٹہ” کا اجرا جون 2025 تک کے لیے معطل کر دیا ہے، اس حکم سے متاثرہ ممالک میں پاکستان، بھارت، مصر، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، عراق، نائیجیریا سمیت دیگر شامل ہیں۔ یہ فیصلہ حج سیزن سے قبل امیگریشن کنٹرول، رش کی روک تھام اور غیر قانونی حج کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
بلاک ورک ویزا ایک ایسا کوٹہ ہوتا ہے جو سعودی کمپنیاں پہلے سے منظور کروا کر مخصوص ممالک سے ورکرز منگوا سکتی ہیں۔ اس پابندی کے بعد نئی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔ پرانی درخواستوں میں تاخیر یا انہیں مسترد کیا جا سکتا ہے، جن افراد کو ویزا ملا لیکن سعودی عرب داخل نہیں ہوئے، وہ داخلے میں دقت کا سامنا کر سکتے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی سعودی عرب نے عمرہ، فیملی وزٹ، بزنس اور ٹورسٹ ویزے بھی کئی ممالک کے لیے عارضی طور پر روک دیے ہیں۔ یہ پابندیاں جون 2025 کے اختتام تک جاری رہیں گی، اور امکان ہے کہ حج سیزن کے بعد نرمی کی جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ کی بے ضابطگیوں کا انکشاف