ویب ڈیسک: 18سال سے کم عمر بچوں کانکاح جرم قرار دے دیا گیا، اس حوالے سے تیار ہونے والے بل پر صدر مملکت نے دستخط کردیے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کم عمر بچوں کی شادی پر پابندی کے بل پر دستخط کردیے، جس کے بعد قانونی طور پر 18سال سے کم عمر بچوں کا نکاح جرم قرار ہوگا۔ صدر آصف زرداری کے دستخط کے بعد یہ بل قانون کا حصہ بن گیا ہے۔
اس ایکٹ کے مطابق نکاح رجسٹرار کم عمر بچوں کی شادی کا اندارج نہ کرنے کے پابند ہوں گے، اور اسی طرح نکاح پڑھانے والا شخص نکاح پڑھانے یا رجسٹرڈ کرنے سے قبل فریقین کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز کی موجودگی یقینی بنائے گا۔
اس قانون کے مطابق بنا کوائف کے نکاح رجسٹر کرنے یا پڑھانے پر ایک سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی، 18 سال سے کم عمر لڑکی سے شادی بھی جرم قرار دے دی گئی ہے اور 18 سال سے زائد عمر کے مرد کی کمسن لڑکی سے شادی پر سزا مقرر کی گئی ہے۔
