ویب ڈیسک: پاکستان میں بچوں کی شادیوں کے خلاف آگاہی کیلئے یونیسیف متحرک ہو گیا، اس سلسلے میں باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا۔ آگاہی مہم کے لیے یونیسف کی نیشنل ایمبیسیڈر برائے حقوقِ اطفال، معروف اداکارہ صبا قمر نے ایک جذباتی ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا ہے۔
یونیسف نے اعلان کیا کہ یہ ویڈیو نہ صرف معاشرے کو بچوں کی شادی جیسے سنگین مسئلے کے خلاف بولنے کی ترغیب دیتی ہے، بلکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے ادارے کے عزم کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
صبا قمر نے اس ویڈیو میں کہا کہ ہمیں خاموش نہیں رہنا چاہیے، پاکستان میں کسی بچے کو ایسی شادی اور مستقبل پر مجبور کیوں کیا جائے جو اس نے خود منتخب نہیں کیا؟ صحت اور تعلیم کے تمام خطرات کے باوجود، ہم اسے چیلنج کیے بغیر کیسے چھوڑ سکتے ہیں؟
