سوراب میں دہشتگردوں کا حملہ

سوراب میں دہشتگردوں کا حملہ،سرکاری افسران کےگھر جلادیئے،اے ڈی سی ریونیو شہید

ویب ڈیسک: بلوچستان کے شہر سوراب میں فتن الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملہ کرکے بینک کو لوٹ لیا ،مختلف سرکاری افسران کے گھر جلا دیئے جبکہ دفاع کرتے ہوئے اے ڈی سی ریونیو شہید ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق آج شام کو فتن الہندوستان کے بیس سے تیس دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر سوراب شہر کے بازار میں داخل ہوئے، سافٹ ٹارگٹ جیسا کہ بینک اور مارکیٹوں کو نشانہ بنایا بازار میں عام بلوچ خواتین اور بچوں کر بھی تشدد کیا۔
بلوچ بچوں اور عورتوں کو بچانے کے دوران اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے بلیدہ سے تعلق رکھنے والے اور سوراب کے اے ڈی سی آر ہدایت اللہ بلیدی نے جام شہادت نوش کیا جب کہ ایف سی کو آتا دیکھ دہشت گرد فرار ہوگئے۔
فتن الہندوستان نے بلوچ علاقوں کو اور بلوچ خواتین و بچوں کو ٹارگٹ کر کے ایک دفعہ پھر ثابت کیا کہ ان انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کا بلوچستان اور بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر بزدلانہ حملہ کیا ہے جس میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش کی گئی ہے، سوراب بازار میں بینک لوٹ لیا گیا اور مختلف سرکاری افسران کے گھر جلائے گئے ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ حملے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، وطن کے سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی، اے ڈی سی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، ہندوستان کی پراکسیز نے ان کے ایما پر کارروائی کی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش ناکام بنانے کا عزم ہے جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، ایف سی پولیس اور لیویز علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور علاقے میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے علاقے کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشت گردوں کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے، دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفائے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل نے دنیا بھر میں اپنے سفارتخانے بند کردیئے