ویب ڈیسک: پاکستان کا بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا واقعات پر شدید تشویش کا اظہار، یہ کارروائیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارت میں بڑھتے اسلاموفوبیا واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان ان واقعات میں خطرناک حد تک اضافے کو گہری نظر سے دیکھ رہا ہے، مسلمانوں کو نشانہ بنانے، نفرت انگیز تقاریر، بھارت میں مسلمانوں سے جاری امتیازی پالیسیوں اور ریاستی سرپرستی میں ہونے والی کارروائیاں افسوس ناک ہیں، یہ کارروائیاں نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ علاقائی استحکام کے لیے بھی شدید خطرہ ہیں۔
دفتر خارجہ ترجمان کے مطابق انڈیا میںبڑھتے اسلاموفوبیا واقعات پر شدید تشویش ہے اور اس حوالے سے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ تمام شہریوں کے مذہبی آزادی، تحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنائے خواہ ان کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو۔
دفتر خارجہ نے زور دیا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو تحمل، مفاہمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کی اشد ضرورت ہے، مذہبی منافرت کو سیاسی یا نظریاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔ عالمی برادری سے بھی مطالبہ ہے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتی انتہاپسندی کا نوٹس لے اور اقلیتوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائے۔
