نجی تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا

خیبرپختونخوا میں نجی تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا پر پابندی عائد، سخت ہدایات جاری

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں نجی تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا پر پابندی عائد کر دی گئی، جسمانی سزا دینا یا اس کی اجازت دینا جرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق سکولز ریگولیٹری اتھارٹی نے خیبرپختونخوا کے تمام نجی تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا پر پابندی عائد کر دی، اور اس حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا کہ جسمانی سزا دینا یا اس کی اجازت دینا جرم ہے، جس پر 6 ماہ قید یا 50,000 روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔
سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ 2010 اور KP-PSRA کے ریگولیشنز 2018 کے تحت سزا ختم کر دی گئی ہے۔
جاری حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ اتھارٹی کو نجی سکولوں میں بچوں پر تشدد کی شکایات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ اتھارٹی نے شکایات موصول ہونے پر سخت نوٹس لیا ہے، اور اب تمام پرائیویٹ اسکولز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ جسمانی سزا کا خاتمہ کیا جائے۔
اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا کہ آگاہی اور تربیتی پروگرامز کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے، پی ایس آر اے کے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کیا جائے، جبکہ اس حکم نامے کی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکار چل بسا