ویب ڈیسک: پاکستان میں غیرقانونی مقیم تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ، وفاقی حکومت کی جانب سے اہم ہدایات جاری کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت کاؤنٹر ٹیررازم کمیٹی اور ہارڈن دی سٹیٹ کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں غیرقانونی مقیم تارکین وطن کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید منظم اور نتیجہ خیز بنایا جائے گا، جبکہ تمام متعلقہ ادارے نادرا کے ساتھ مل کر ’’ون ڈاکومنٹ سسٹم‘‘کو فوری اور مکمل طور پر نافذ کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا ایگزٹ پوائنٹس پر لائیو ڈیٹا ویری فیکیشن کی سہولت فراہم کرے گا، تاکہ بارڈر مینجمنٹ کو بہتر اور شفاف بنایا جا سکے۔ غیر قانونی سپیکٹرم، گداگری اور بجلی چوری جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کو مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں روزانہ 250 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔ وزارت توانائی کے حکام نے بتایا کہ وزارت داخلہ اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اب تک 142 ارب روپے کی ریکوری ممکن ہوئی ہے۔
