بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل

بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیںگے، شہبازشریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میں افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، نہ ہی اس بار کی اجازت دیں گے کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے۔ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارتی جارحیت کا پاک افواج نے منہ توڑ جواب دیا ، اور اس دوران ایئرفورس نے اپنے اہداف ہٹ کر کے کارنامہ انجام دیا، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا صرف جواب نہیں دیا بلکہ بازی ہی پلٹ دی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج نے ہمیشہ شاندار خدمات انجام دی ہیں، دوست ملکوں سے آئے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، آپ کی یہاں موجودگی ہمارے بہترین تعلقات کی عکاس ہے، آج عام محاذ کی بجائے مختلف جہتوں میں صلاحیتوں کا امتحان ہے، بھارتی جارحیت میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، بھارت نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں جارحیت کی کوشش کی، جس کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے بہترین خدمات سر انجام دیں، ایئرفورس نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 7 ہائی ویلیو ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث تاریخی کامیابی ملی، حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، اللہ نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا، پاکستان نے ساؤتھ ایشیا میں امن کیلئے جنگ بندی کی پیشکش قبول کی، پاکستان نے امریکا و دیگر دوست ممالک کی سیزفائر کی پیشکش قبول کی۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات سے ملکی معیشت کو استحکام ملا، تاہم معاشی استحکام کیلئے بنیادی سطح پر اصلاحات ناگزیر ہیں، معیشت میں استحکام سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی ہے، اور مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد ہماری افواج اور قوم کا مورال بلند ہے، بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جبکہ بھارت کو اس بار کی بھی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرے۔
وزیراعظم نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ کرپشن پر کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، گزشتہ سال کے مقابلے میں محصولات 28 فیصد زیادہ رہیں، معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، ہمارا عزم بھی بلند ہے، جبکہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس خطہ ارض کو دنیا کیلئے مثال بنائیں ۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بجلی چوری کا خاتمہ کیا، جدت کو اپناتے ہوئے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کا اجرا کر رہے ہیں، چیلنجز کا آہنی عزم کے ساتھ مقابلہ کیا، کراچی بندرگاہ پر فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم رائج کیا گیا ہے جو بہت فائدہ مند ہے، اس کے علاوہ معیشت، اصلاحات اور انسداد دہشتگردی پر توجہ مرکوز ہے، حکومت نے سمگلنگ پر قابو پاکر معیشت کو استحکام دیا۔

مزید پڑھیں:  ایران کے مختلف شہروں ہر صیہوبی بمباری، شہر بھر میں افراتفری