ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایف آئی اے پشاور زون نے اہم کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کر کے نقدی برآمد کر لی۔
واقعات کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے گلبہار نمبر 3 پشاور میں چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے سمیت غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت مختار احمد کے نام سے ہوئی۔
کاروائی میں ملزم سے 54 لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے گئے، جن میں 1450 امریکی ڈالر اور 3710 سعودی ریال بھی شامل ہیں، چھاپہ مار کاروائی میں ملزم سے حوالہ ہنڈی سے متعلق شواہد بشمول رسیدیں اور موبائل فون بھی برآمد کر لی گئیں۔
ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ ملزم بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھا، ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، اس کے ساتھ ہی ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
