ویب ڈیسک: پشاور میڈیا سپورٹس فیسٹول ،رسہ کشی اور آرچری مقابلے اختتام پذیرہوگئے، پی پی سی گرین کے کپتان یاسر علی نے ٹرافی اپنے نام کرلی، خواتین کے آرچری کے ایونٹ میں شائستہ تسلیم نے گولڈ جبکہ مہوش نے سلور میڈل اپنے نام کرلی.
تفصیلات کے مطابق خیبریونین آف جرنلسٹس اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام جاری پشاور میڈیا سپورٹس فیسٹول میں رسہ کشی ، آرچری اورموزیکل چیئر کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاور کے تعاون سے منعقدہ فیسٹول میں گزشتہ روزکھیلے گئے مقابلوں میں رسہ کشی کے ایونٹ میں پی پی سی گرین کے کپتان یاسر علی نے ٹرافی اپنے نام کرلی، فائنل میچ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کے ایچ یو جے ریڈ کو دو صفر سے شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا، کے ایچ یو جے کی قیادت سینئر صحافی لحاظ علی نے کی .
اسی طرح میوزیکل چیئر میں محمد حسن نے پہلی جبکہ سہیل رانا نے دوسری پوزیشن حاصل کرلی، خواتین کے آرچری کے ایونٹ میں شائستہ تسلیم نے گولڈ جبکہ مہوش نے سلور میڈل اپنے نام کرلی،فٹسال کے مقابلوں نے ایس ڈبلیو اے گرین نے کے ایچ یو جے وائٹ کو شکست دے دی، اسی طرح تھرو بال کے ایونٹ میں کے ایچ یو جے گرین نے پی پی سی ریڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔
فیسٹول کا باضابطہ افتتاح ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کیا، ان کے ہمراہ اے ڈی سی جنرل راﺅ ہاشم ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ، کے ایچ یو جے کے صدر کاشف الدین سید، پی پی سی پشاور کے صدر ایم ریاض ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر پشاور مشعال ملک اور دیگر موجود تھے. فیسٹول میں بیڈمنٹن ، رسہ کشی ، سوئمنگ ، تھرو بال ، میوزیکل چیئر ،فٹسال کے گیمز شامل ہیں مقابلے تین دن تک جاری رہینگے ۔
