ویب ڈیسک: چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیامیں نیوکلیئر تصادم کا خطرہ موجود ہے کیوںکہ خطے میں موجود تنازعات کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔
سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران خطاب میں جنرل ساحر شمشاد نے جنوبی ایشیا میں تنازعات کے حل کے حوالے سے 8 اہم نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل جڑ مسئلہ کشمیر ہے، جس کا حل ناگزیر ہے۔
اپنے خطاب میں جنرل شمشاد مرزا نے بھارت کی جانب سے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ ایشیا پیسیفک عالمی طاقت کا مرکز بن چکا اور جنوبی ایشیا کی سلامتی کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں، تنازع سے بچا، بحران کے بعد کی کوششوں سے بہتر ہے۔
جنرل شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان بھارت سے باعزت، برابری اور احترام پر مبنی مستقل امن کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل جنوبی ایشیا میں امن کی بنیاد ہے۔
چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر موجود مکالماتی فریم ورک کو فعال اور مثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اصولوں پر مبنی ایسا عالمی نظام چاہتا ہے جو خودمختاری اور ضبط و تحمل پر قائم ہو۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل شمشاد مرزا نے کہا کہ پہلگام کے بعد پاک بھارت جنگ کی صورتحال خطے کی ترقی کو خطرے میں ڈال رہی ہے، بحران سے نمٹنے کا مثر نظام نہ ہونے سے عالمی طاقتیں بروقت مداخلت سے قاصر ہیں۔ پاکستان کے پانی کو روکنے یا موڑنے کی کوشش قومی سلامتی کمیٹی کے مطابق جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔
شنگریلا ڈائیلاگ میں بریفنگ دیتے ہوئے جنرل شمشاد مرزا نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عام شہریوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان مسلسل بھارت اور عالمی برادری سے باضابطہ مذاکراتی نظام کی بحالی کا مطالبہ کر رہا ہے لیکن برابری، اعتماد اور حساسیت کی پاسداری کے بغیر کوئی بھی بحران مثر طور پر حل نہیں ہو سکتا۔
