ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں پر باہمی تعاون بڑھانے پر بات کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے قریبی روابط قائم رکھنے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے اس ماہ اقوام متحدہ میں اعلی سطح کے اجلاس کے موقع پر ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ڈیوڈ لیمی نے رابطے میں رہنے اور باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ سیدوف بختیار اودیلووچ سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور دونوں رہنماؤں نے اپنی گفتگو میں ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان سہ ملکی ریلوے منصوبے کے فریم ورک معاہدے کی جلد تکمیل پر مشاورت بھی کی گئی، معاہدے پر دستخط کی تقریب کے طریقہ کار اور افغان قیادت سے رابطوں پر گفتگو بھی کی گئی جبکہ ریلوے منصوبہ علاقائی رابطے اور تجارتی ترقی کے لیے سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ خارجہ جیہون بایراموف کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں وزیرِ خارجہ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفد کو آذربائیجان کی جانب سے دی گئی میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
