ویب ڈیسک: پی ٹی آئی رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی نااہلی کے لئے بھجوایا جانے والا ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف ریفرنس پر دستخط کر دیے جس کے بعد ریفرنس ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کر دیاگیا۔
مسلم لیگ ن کے بابر نواز نے عمر ایوب کے خلاف ریفرنس اسپیکر کو بھجوایا تھا جس میں عمر ایوب پر مالیاتی گوشواروں میں اثاثوں کی تفصیلات چھپانے کا الزام ہے، جس میں آرٹیکل 62، 63 کے تحت عمر ایوب کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی۔
الیکشن کمیشن نے اسپیکر کی جانب سے بھجوایا گیا ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کر دیا، الیکشن کمیشن نے عمر ایوب کو 4 جون کو طلب کر لیا۔
دائر ریفرنس کے مطابق عمر ایوب نے بیرون ملک جائیدادوں کو خفیہ رکھا اور اثاثوں میں اندراج نہیں کیا۔ عمر ایوب نے 2019-20 میں سرمایہ کاری کے غرض سے یو اے ای کا اقامہ رکھا اور ظاہر نہیں کیا۔ عمر ایوب نے اقامہ سے مالی فوائد یا خسارے کا ذکر نہیں کیا عمر ایوب نے پاکستان کے ایک ادارے میں اپنے حصص اور سرمایہ کاری کو بھی گوشواروں میں ظاہر نہیں کیا۔
ریفرنس میں بابر نواز نے استدعا کی کہ سنگین الزامات کی زد میں آنے والا شخص قومی اسمبلی کا رکن بننے کا اہل نہیں۔
