سیاسی کشمکش میں تیزی

پشاور: تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی کشمکش میں تیزی

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے درمیان سیاسی کشمکش میں تیزی آگئی ۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر احتجاج کے دوران تشدد کے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے میں ناکامی نے سیاسی تناؤکو مزید بڑھا دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے انصاف کی فراہمی میں تاخیر سے مایوسی پھیل رہی ہے۔
گزشتہ ہفتے پیپلز پارٹی کے احتجاج میں کارکنوں نے پی ٹی آئی کے کیمپ پر دھاوا بول دیا تھا اور قناتیں نذر آتش کردی تھیں جس کے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے نہ صرف پیپلز پارٹی کے کئی کارکنوں کو زخمی کیا بلکہ پارٹی قیادت کیخلاف مقدمات بھی قائم کئے گئے ۔
پشاور کے ایک علاقے میں نامعلوم افراد نے حملہ کیا، جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق اس تشدد کیخلاف پیپلز پارٹی نے پولیس کے پاس ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے الزامات کو کم اہمیت دے کر معاملے کو دبا دیا ہے خیبر پختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے اگر یہی صورتحال رہی تو ہم احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔
دوسری جانب حکمران جماعت تحریک انصاف کے ترجمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بعض کارکنوں نے خود ہی تشدد کو ہوا دی ہے پولیس نے تمام قانونی اقدامات کئے ہیں لیکن اگر کوئی ثبوت نہیں ہے تو ایف آئی آر کیسے درج ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے پی ٹی آئی حکومت کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  یونیورسٹی آف ہری پور کے طلباء کا احتجا ج، آج ہونے والا پرچہ منسوخ