ن لیگ نے میدان مارلیا

پی پی 52سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے میدان مارلیا

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ۔
سمبڑیال میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 52 پر ضمنی الیکشن میں صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی،دن بھر پولنگ کے دوران گہماگہمی رہی، کارکنوں میں جھگڑا اور نعرے بازی بھی ہوئی جبکہ دھاندلی کے الزامات بھی لگائے گئے۔
پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تمام 185پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کی حنا ارشد وڑائچ نے 78419 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار فاخرنشاط گھمن 40037 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
دوسری جانب ن لیگی امیدوار حنا ارشد کا کہنا تھاکہ عوام نے مجھے سیاست کیلئے نہیں خدمت کیلئے منتخب کیا، مریم نواز کی وجہ سے اس مقام پر کھڑی ہوں، اگروزیراعلی پنجاب مجھ پراعتماد نہ کرتیں تو یہاں کھڑی نہ ہوتی۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی پی 52 ضمنی انتخاب میں کامیابی پر حنا ارشد وڑائچ کومبارکباد دی اور کہا کہ سمبڑیال کے عوام نے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا اس پرپورا اتریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن کی کامیابی عوام کا حکومت کی پالیسیوں پراعتماد کا اظہار ہے، عوام خدمت کرنے والوں اورفتنہ فساد پھیلانے والوں کوپہچان چکے، نوازشریف کی قیادت میں ترقی کاسفرتیزی سیجاری ہے۔

مزید پڑھیں:  سندھ کا بجٹ پیش، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کردیا گیا