ویب ڈیسک: پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کرتے ہوئے 4دہشت گرد ہلاک کردیئے ۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو پنجاب، خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع ملی، جس پر کارروائی کی گئی، خوارجی دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن کا آغاز کیا گیا تو خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے، ٹیموں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیااور 4 خوارجی دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا۔
پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر دہشت گرد جھاڑیوں، ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد کیا، آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری، دیگر شرپسند عناصر بھی جلد از جلد انجام تک پہنچانے کا عزم ہے۔
