عیدالاضحی کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان

پشاور: عیدالاضحی کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کرنے کے احکامات جاری

ویب ڈیسک: آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے عیدالاضحی کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔
عیدالاضحی سے قبل مویشی منڈیوں میں نوسر بازوں اور چوروں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر بھی خصوصی اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے صوبے کی تمام چھوٹی بڑی مویشی منڈیوں کے گرد سکیورٹی میں اضافے کے احکامات جاری کئے ۔
اپنے بیان میں آئی جی پی خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کر کے دوسروں کا گھر اجاڑنے والے خاموش قاتل کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر خصوصی آگاہی مہم شروع کی جائے ۔
انہوں نے کہا کہ نماز عید کے اجتماعات سے قبل کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے حساس علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا جائے، اعلیٰ پولیس حکام تمام بازاروں، مارکیٹوں، بالخصوص خواتین کی خریداری کے مراکز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں۔
صوبائی پولیس سربراہ نے مزید کہا کہ خواتین بازاروں میں باوردی عملے کے علاوہ خواتین پولیس کا عملہ بھی تعینات کیا جائے ، عید الاضحی سے قبل اور اسکے دوران ٹریفک کوہر وقت رواں دواں رکھنے اور اس مقصد کے لئے اضافی نفری بھی تعینات کی جائے ۔
آئی جی پی خیبر پختونخوا نے اعلیٰ پولیس حکام کو شر پسندوں کے خلاف عوام کو متحرک کرنے اور ان کا تعاون حاصل کرنے سمیت تمام اضلاع میں ریسکیو 15 اور فوری رسپانس یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔

مزید پڑھیں:  بنوں: محکمہ زکوٰۃ کے زیر اہتمام 123 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیاں